تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ گیلانیہ صراط مستقیم جلووانہ میں سالانہ ’’جلسہ دستارِ فضیلت‘‘ کا انعقاد

پیر 23 اکتوبر 2023 19:45

uلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2023ء) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ گیلانیہ صراط مستقیم جلووانہ میں سالانہ ’’جلسہ دستارِ فضیلت‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ دستار فضیلت کی صدارت شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد حقانی جلالی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض علامہ محمد صدیق مصحفی جلالی نے کی۔

اس موقع پر قرآن مجید کو اپنے سینے میں محفوظ کرنے والے حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ مدارس اور مساجد نے چودہ صدیوں میں ہزاروں طوفانوں کے باوجود دین کی شمع کو بجھنے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

قرآن و سنت کا پڑھنا پڑھانا اُمت کے کارہائے نمایاں میں سے ہے۔

مدارس دینیہ نے ہر دور میں دین اسلام کی پاسبانی کی ہے۔ دینی مدارس کے درو دیوار جب آیات قرآن اور فرامین رسول ﷺ سے گونجتے ہیں تو پورے معاشرے کیلئے رحمتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں اور پورے ماحول کو خوش حالی میسر آتی ہے۔ مدارس اسلام کا بیس کیمپ ہیں اور دینی علوم کی صحیح تعلیم ہی بیج اُگنے فصلیں پکنے اور بارش برسنے کا سب سے بڑا سبب ہے۔

دینی علوم کے ماہرین تیار کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔عوام الناس کی رہنمائی کے لیے قرآن وسنت کے ماہرین علماء ربانی کا وجودمعاشرے میں ازحدضروری ہے۔ سیاہ رات میں منزل تک پہنچنے کے لیے اتنی چراغ کی ضرورت نہیں جتنی سفرزندگی کے نشیب وفراز اورظلمتوں میں علماء حق کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کوکمزورکرنے کے لیے انہیں قرآن وسنت سے دورکرنے کے ایجنڈے پرگامزن ہیں جبکہ اسلامی قوتوں کی جدوجہدامت مسلمہ کوقرآن وسنت کے قریب کرنے کی ہے۔

مدراس دینیہ اس مقصدکے لیے ہمیشہ سے بھرپورکرداراداکرتے آئے ہیں۔عصری تعلیم سے ہرگزانکارنہیں لیکن بحیثیت مسلمان شرعی نقطہ نظرسے عصری تعلیم کامرتبہ ایک انسان کے لیے عینک کاہے مگردینی تعلیم کامقام انسانی آنکھ جیساہے۔ جس کثرت سے بچے یونیورسٹیوں،کالجزوں اورسکولوں کارُخ کرتے ہیں اس کے مقابلے میں دینی مدارس کی طرف توجہ بہت کم ہے۔ مسلمانوں کی ترقی میں مرکزی کردارقرآن وسنت کے علوم ہی اداکرسکتے ہیں۔