بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدت اختیار کر گیا

ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے طوفان تیج کا آٹھواں الرٹ جاری کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 24 اکتوبر 2023 00:08

بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدت اختیار کر گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2023ء) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شدت اختیار کر گیا، ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے طوفان تیج کا آٹھواں الرٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ بحیرہ میں بننے والے سمندری طوفان تیج کے حوالے سے سائیکلون وارننگ سینٹر کی جانب سے8 واں الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ طوفان نے مزید شدت اختیار کر لی ہے، طوفان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان تیج آخری اطلاعات تک عمان سے 270 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، جبکہ یمن سے تیج طوفان کا فاصلہ 70 کلومیٹر ہے۔ پاکستان کے ساحلی شہر گوادر سے سمندری طوفان آخری اطلاعات تک 1500 کلومیٹر دور ہے۔

(جاری ہے)

طوفان کے مرکز میں 130 سے 140 کلومیٹر رفتار کی ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر رہی ہے، طوفان کے گرد لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تیج طوفان چند گھنٹوں میں 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ الغیدہ کے قریب یمن کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ طوفان تیج کے حوالے سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بے چینی پائی جا رہی تھی، تاہم اس حوالے سے ماہرین موسمیات نے اہم وضاحت جاری کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بحیرہ عرب کے طوفان تیج سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو خطرہ نہیں ہے۔

ساحلی مقامات کو طوفان کے اثرات سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ تیج بھارت کا تجویز کردہ نام ہے جس کا مطلب "رفتار" ہے۔ جبکہ یہاں یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی سمندر میں ایک طاقتور طوفان بنا تھا، جس کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان بھی اس طوفان سے متاثر ہو سکتا ہے، تاہم مذکورہ سمندری طوفان پاکستان پر اثرانداز نہیں ہوا تھا۔