کشمیریوں نے غازی ملت سردار ابراہیم خان کی قیادت میں 19 جولائی 1947 قیام پاکستان سے پہلے پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کر لیا تھا،سردار فہیم اختر ربانی

منگل 24 اکتوبر 2023 17:20

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2023ء) آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ 1947ء میں جدوجہد آزادی کشمیر میں چوہدری غلام عباس،غازی ملت سردار ابراہیم خان، مجاہد اول سردار عبد القیوم خان نے جس انداز سے تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری قوم کی نمائندگی کی جس کے نتیجے میں 24 اکتوبر 1947ء کو یہ خطہ آزاد کروایا،کشمیریوں نے غازی ملت سردار ابراہیم خان کی قیادت میں 19 جولائی 1947 قیام پاکستان سے پہلے پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کر لیا تھا،جب تک جموں کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت مل نہیں جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈپٹی کمشنر حویلی ساجد اسلم ایس ایس پی حویلی خواجہ امیر الدین،میئر مونسپل کارپوریشن شیخ سمیت ضلعی افسران سول سوسائٹی انجمن تاجران سکولز اور کالجز کے طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہماری منزل ہے ،پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے جہاں کشمیری کھڑے ہوتے ہیں وہاں پاکستانی ہمارے بھائی ہمارے ساتھ موجود ہوتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کے نہتے مظلوم مسلمانوں پر بمباری ہو رہی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عالمی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطین میں ہونے والے ظلم اور جبر کا نوٹس لیں گے،کشمیر اور فلسطین میں نہتے مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جس پر عالمی دنیا کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی ساجد اسلم نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کے لیے انہتائی اہمیت کا حامل ہے ،تحریک آزادی کشمیر اور کشمیر کی آزادی ہی تکمیل پاکستان ہے، ہم اپنے اسلاف کے ادھورے چھوڑے ہوئے مشن کی تکمیل اور مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

تقریب کے اختتام پر وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی نے یوم تاسیس کا کیک کاٹا اور آزادی کشمیر اور استحکام پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔