’شاہ محمود قریشی کی طبعیت کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں‘

جیل حکام ابھی فوری انہیں ہسپتال منتقل نہیں کر رہے، اگر صحت خراب ہوئی تو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ سابق وزیر خارجہ کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 نومبر 2023 13:39

’شاہ محمود قریشی کی طبعیت کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 نومبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے سابق وزیر خارجہ کی صحت سے متعلق بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ جیل حکام سے بات ہوئی ہے ابھی فوری وہ شاہ محمود قریشی کو ہسپتال منتقل نہیں کر رہے، جیل حکام کے بقول احتیاطاً انہوں نے خصوصی عدالت سے اجازت لی ہے، اگر شاہ محمود قریشی کی صحت خراب ہوئی تو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے طبعیت ناسازی کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں فراہم کیں، جیل انتظامیہ نے شاہ محمود قریشی کو ٹیسٹ کروانے کی ہدایات دی ہیں، ہپستال منتقلی کے حوالے سے عدالتی احکامات موجود ہیں، جیل انتظامیہ نے کہا کہ اب شاہ محمود قریشی کی طبعیت بہتر ہے، جیل انتظامیہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر ہپستال منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دو روز قبل اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران نے ملاقات کی، جیل ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی، ملاقات کرنے والوں میں ظہورقریشی، معین قریشی اور زین قریشی شامل تھے، شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

ادھر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ضمانت کی درخواست پر ہم نے نوٹس کردئیے تھے، آپ کی اس درخواست پر آفس کے اعتراضات ہیں، ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق ختم نہ کیا جائے، میں نے سب کیلئے یہی کہا ہے کہ کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل جانا ہے، آپ کی درخواست پر اعتراضات دور کررہے ہیں، ایڈووکیٹ علی بخاری نے استدعا کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔