سرگودھا یونیورسٹی میں ذیابیطس کے عالمی دن کے سلسلہ میں آگاہی واک اور سیمینارکا انعقاد

جمعرات 16 نومبر 2023 20:21

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام ذیابیطس کے عالمی دن کے سلسلہ میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی واک اور سیمینار کے ذریعے پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی شرح پر توجہ مرکوز کروائی گئی۔ انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس سے شروع ہونے والی واک کا اختتام ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے سامنے ہوا۔

واک کی قیادت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی۔ واک میں کمیونٹی نیوٹریشنسٹ بینش سرور، ڈائبیٹیز ایجوکیٹر ڈاکٹر رانا احمد مجتبیٰ، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر میاں انجم مرتضیٰ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام معین الدین اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی بڑھتی شرح کے باعث دنیامیں پہلے نمبر پر آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کم ہو سکے کیونکہ ہمارے ملک میں رہنے والے لوگوں کی غذائی عادات اور طرزِ زندگی کو صحت مندانہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں بالغ افراد میں ذیابیطس کی شرح 26.7 فیصد سے زائد ہے جبکہ نوجوانوں میں اتنے ہی لوگوں کے اس مرض میں مبتلا ہونےکے خطرات موجود ہیں کیونکہ گزشتہ برسوں میں ہمارے یہاں موٹاپا تیزی سے بڑھا ہے، غذا میں چکنائی کے زیادہ استعمال، ورزش نہ کرنے اور معاشی دباؤ نے اس مرض کو بڑھا دیا ہے۔ اس مرض سے نجات کے لیے ماہرین نے بتایا کہ ہمیں اپنا طرزِ زندگی بدلنے، فاسٹ فوڈ چھوڑ کر سادہ غذاؤں کا استعمال کرنے اور ورزش کو معمول بنانے کی ضرورت ہے۔