صدرمملکت کا گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف واقعات میں شہید ہونیوالے جوانوں کے ورثا سے ٹیلی فونک رابطہ

جمعہ 17 نومبر 2023 22:30

صدرمملکت کا گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف واقعات میں شہید ہونیوالے جوانوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومبر اور ا کتوبر میں مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔ انہوں نے شہدا کو وطن پر جان نچھاور کرنے پر قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ٹیلفونک رابطے میں صدر مملکت نے شہدا کے اہلخانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر قوم شہدا کے خاندانوں کی ممنون رہے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کی 6 نومبر کو سنداپل ، خیبر پختونخواہ میں حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کے لواحقین سے بات چیت کی ۔ صدر عارف علوی نے نائیک خوشدل خان، لانس نائیک عبدالقدیر خان اور رفیق خان کے اہلِ خانہ سے بھی رابطہ کیا۔صدر مملکت نے 29 اکتوبر کو ضلع آواران ، بلوچستان میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار آصف عمران اور سپاہی عرفان علی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ صدر عارف علوی نے 18 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں حملے میں شہید ہونے والے سپاہی فرمان علی کے ورثا کو بھی ٹیلیفون کیا ۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ِ ہمدردی ، شہدا کیلئے بلندی درجات ، اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا ۔