میرپور، نومبرمیں 307مقدمات میں 359ملزمان گرفتار

جمعرات 30 نومبر 2023 22:48

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) میرپور ڈویژن میں ماہ نومبر میں 307مقدمات میں 359ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی پولیس ڈویژن میرپور چوہدری سجاد حسین کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ایک ماہ کے دوران قتل کے دو واقعات سمیت کل 307مقدمات درج ہوئے۔

جن میں کل678ملزمان نامزد تھے ان میں سے 359ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس سرگرم ہے۔گرفتار ملزمان میں سے 135کو کوٹلی پولیس،180کو میرپور پولیس اور44کو بھمبر پولیس نے گرفتار کیا۔ماہ نومبر کے دوران میرپور ڈویژن میں منشیات کے 36مقدمات درج کیے گئے اور ان مقدمات میں 49منشیات فروشوں کو گرفتار کیاگیا جبکہ گیارہ روپوش کی گرفتاری کے لیے میرپور اور کوٹلی پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

منشیات کے ان 36مقدمات میں 13ضلع کوٹلی میں درج ہوئے اور ان میں 738بوتل شراب اور 25لیٹر تیار شدہ شراب برآمد ہوئی۔ضلع میرپور کے 19منشیات کے مقدمات میں 83بوتل شراب اور ڈیڑھ کلو چرس برآمد ہوئی۔ضلع بھمبر اور کوٹلی سے چرس،آئس اور ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔ان منشیات فروشوں میں سب سے موثر کاروائی کوٹلی میں سٹی تھانہ کے انسپکٹر شہزاد نے سرانجام دی۔

جس نے 723بوتل اور 25لیٹر شراب برآمد کرکے عدنان عارف ساکنہ ڈونگی اور مہران ساکن کوٹھیاں کو گرفتار کرلیا گیا۔منشیات فروشوں کے خلاف دوسری بڑی کاروائی میرپور نیوسٹی تھانہ کے آفیسر مہدی خان نے کی۔جس میں منشیات فروش افضال شاہ اور بلا ل شاہ کو گرفتار کرکے اس سے 31بوتل شراب برآمد کی۔ تیسری بڑی کاروائی ضلع کوٹلی کے آفیسر مہتاب اسلم نے کی جس میں منشیات فروش فرید ساکنہ سیری کہوٹہ کو گرفتار کرتے ہوئے چرس گرد ہ برآمد کرلی گئی۔

ماہ نومبر میں ضلع بھمبر پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف موثر کاروائی نہ کرنے پر ان کی سرزنش کی گئی۔ڈی آئی جی ریجن میرپور ڈویژن چوہدری سجادحسین نے منشیات فروشوں کے خلاف عمدہ کاروائی پر کوٹلی انسپکٹر شہزاد،میرپور کے انسپکٹر مہدی اور کوٹلی کے مہتاب اسلم کو انعا م اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے ہیں۔ڈی آئی جی آفس سے ایس ایس پی میرپور، کوٹلی،بھمبر کو منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے اور خاص طور پرسابقہ کئی سالوں کی912 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دیاگیا ہے۔