گوانتاناموبے جیل میں کیسا سلو ک کیا گیا رہائی پانیوالے احمد ربانی

برفباری میں بغیر کپڑوں کے بٹھادیا جاتا تھا، انتہائی سخت سردی میں ٹھنڈے پانی سے نہلایا جاتا تھا، گفتگو

جمعرات 30 نومبر 2023 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) امریکا کی بدنام زمانہ جیل گوانتانا موبے سے رہائی پانے والے احمد ربانی نے کہا ہے کہ انہیں جیل میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں احمد ربانی نے کہا کہ گوانتاناموبے میں زندگی کے انتہائی تکلیف دہ سال گزارے، شروع کے 10 سال بدترین تھے اور انہیں قید کے دوران بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

احمد ربانی نے بتایا کہ برفباری میں بغیر کپڑوں کے بٹھادیا جاتا تھا، انتہائی سخت سردی میں ٹھنڈے پانی سے نہلایا جاتا تھا۔انہوں نے اپنے اوپر کیے جانے والے تشدد کے حوالے سے مزید بتایا کہ رسیوں سے باندھ کر الٹا لٹکا دیا جاتا تھا اور انتہائی تنگ و تاریک سیل میں رکھا گیا تھا۔احمد ربانی نے کہا کہ اسامہ بن لادن اور دیگر رہنماؤں سے متعلق تحقیقات کی جاتی رہیں، ہزاربار سوالات کیے لیکن مجھے القاعدہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ احمد ربانی اکتوبر 2002 میں کراچی کے علاقے دہلی کالونی سے پراسرار طور پر لاپتا ہوئے تھے جبکہ اگلے ہی روز ان کے بھائی عبدالرحیم ربانی بھی لاپتا ہوگئے، بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں بھائیوں کو امریکا کی بدنام زمانہ جیل گوانتاناموبیجیل منتقل کردیا گیا ہے، بے گناہ ثابت ہونے پر تقریباً 20 سال بعد فروری 2023 میں انہیں رہائی نصیب ہوئی۔