گجرات پولیس کا ایک اور بہادر سپوت اے ایس آئی فقر حسین شہید سماج دشمنوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے امر ہو گیا

Shahid Bashir Kamboh شاہد بشیر کمبوہ جمعہ 1 دسمبر 2023 15:27

گجرات پولیس کا ایک اور بہادر سپوت اے ایس آئی فقر حسین شہید سماج دشمنوں ..
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 دسمبر 2023ء ) گجرات پولیس کا ایک اور بہادر سپوت اے ایس آئی فقر حسین شہید سماج دشمنوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے امر ہو گیا۔ فقر حسین شہید کی نماز جنازہ پولیس لائنز گجرات میں ادا کردی گئی۔اعلیٰ افسران سمیت سول سوسائٹی،تاجروں، وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات انچارج چوکی جاتریہ اے ایس فقر حسین فرائض کی ادائیگی کے دوران سماج دشمنوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

جن کی نماز جنازہ پولیس لائنز گجرات میں ادا کردی گئی۔ جس میں ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈسٹرکٹ سپرنٹینڈنٹ جیل اشتیاق گل، اے ڈی سی آر خضر حیات بھٹی،ایس پی انویسٹی گیشن مہر محمد ریاض، ڈیس ایس پیز، ایس ایچ اوز، تاجر راہنما جاوید بٹ سمیت دیگر پولیس افسران اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے کہا کہ شہادت جیسا عظیم مرتبہ صرف قسمت والوں کے حصہ میں آتا ہے۔ شہید اے ایس آئی فقر حسین نے شہر کے امن کی خاطر دلیری اور بہادری سے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی ہے۔ اس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے گجرات پولیس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔