موٹروے پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے کنٹینر میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا

ہفتہ 2 دسمبر 2023 01:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا اور کسی بڑے نقصان سے بچا لیا ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق E-35 ہزارہ موٹروے ای- 35 پر کس پل بٹگرام کے قریب ایک کنٹینر کے بائیں ٹائروں کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس کا ڈرائیور اور کنٹینر میں موجود ہیلپر کو علم نہ تھا ۔

(جاری ہے)

گشت پر مامور موٹروے پولیس افسران نے جب آتشزدگی دیکھی تو فورا کنٹینر کو رکوا لیا اور آگ بجھانے والے آلے کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن آگ کی شدت بڑھنے لگی تو مزید نفری ، 1122 اور فائر برگیڈ کے عملے کو موقع پر طلب کر لیا گیا ۔ بروقت اقدامات کی وجہ سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور ممکنہ طور پر کسی بڑے جانی اور مالی نقصان سے بچا لیا گیا ۔کنٹینر میں سیمنٹ فیکٹری میں استعمال ہونے والا کیمیائی مواد موجود تھا ۔ کنٹینر نوشہرہ نظامپور سے داسوڈیم کی جانب جا رہا تھا ۔