پاکستان رینجرزسندھ کے زیر اہتمام امن سائیکل ریلی کا انعقادکیا گیا

سائیکل ریلی میں کراچی بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی50سے زائد مرد اور خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیا

اتوار 3 دسمبر 2023 13:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستان رینجرزسندھ کے زیر اہتمام امن سائیکل ریلی کا انعقادکیا گیا۔سائیکل ریلی میں کراچی بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی50سے زائد مرد اور خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔سائیکل ریلی انڈس چورنگی سے شروع ہوکر براستہ قیوم آباد، عائشہ مسجد، کلاک ٹار، بلاول چورنگی، بوٹ بیسن، نٹی جٹی برج، گلبائی، پی اے ایف مسرور بیس، سائیکل چورنگی سے ہوکر دعا چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

ریلی کا مقصد شہر میں امن کی فضا کے ساتھ ساتھ صحت منددانہ سرگرمیوں کی طرف شہریوں کو راغب کرنا، کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے اختتام پر فاتح کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے گئے۔شرکاء کے مطابق آج کے دور میں سائیکلنگ جیسی سرگرمی ماحول اور جسمانی صحت کے لیے بہت اہم ہے اور اس طرح کے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد سے کھیلوں کے مقابلوں کے رجحان میں اضافہ ہوتا ہے۔اس مو قع پر شرکا کی جانب سے کراچی میں امن وامان قائم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت منددانہ سرگرمیوں کے فروغ میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا گیا۔