yلاہور پریس کلب : رشین لینگویج کورس کے شرکاء میں تقسیم اسناد

اتوار 3 دسمبر 2023 20:25

-لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2023ء) لاہور پریس کلب میں رشین لینگویج کورس کے پہلے کامیاب بیچ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں صدر اعظم چوہدری، سینئر نائب صدر شاداب ریاض، نائب صدر ظہیر احمد بابر، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، فنانس سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی نفیس احمد قادری، رشین لینگویج کورس کے انسٹرکٹر امتیازالحق، لینگویج کورس کے کوآرڈینیٹر عامر سہیل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہاکہ پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے جسے قدرت نے بے پناہ قدرتی حسن سے مالامال کیا ہے، پاکستان کو دنیا میں اس انداز میں پیش کیا جانا چاہئے جس سے یہاں کی سیاحت کو فروغ حاصل ہو اور اس کے لئے لازم ہے کہ ملک میں مقامی طور پر دوسرے ممالک کی زبانوں کو سیکھنے کے لئے ماحول سازگار ہوتاکہ وہ سیاحوں کو پاکستان کے ماحول کو سمجھنے میں آسانی ہو اور اسی مقصد کے تحت لاہور پریس کلب میں چینی زبان کورس کے بعد رشین لینگویج کورس کا بھی اہتمام کیا گیا اور ہمیں امید ہے کہ اس کورس میں شامل تمام افراد بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک و قوم کے لئے بہترین خدمات سرانجام دیں گے اور اس تمام کورس کے انعقاد و انتظام میں ہم رشین فیڈریشن کے تعاون کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جلد ہی رشین لینگویج کورس کے دوسرے رائونڈ کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیاکہ پاک روس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا قیام بھی جلد عمل لایا جائے گا۔ انھوں نے انسٹرکٹر امتیازالحق اور کوآرڈینیٹر عامر سہیل کو رشین لینگویج کورس میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر رشین لینگویج کورس میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔