نائیجیرین فضائیہ کا حادثاتی ڈرون حملہ، 120 افراد جاں بحق

نائیجیرین فوج نے جس جگہ ڈرون سے میزائل مارا وہاں ایک مذہبی تقریب ہو رہی تھی،رپورٹ

بدھ 6 دسمبر 2023 15:31

ابوجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) نائیجیریا میں اجتماع پر حادثاتی ڈرون حملے میں120افراد جاں بحق ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثاتی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ تقریبا 66 افراد زخمی بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

نائیجیریا کی فوج نے جس جگہ ڈرون سے میزائل مارا وہاں ایک مذہبی تقریب ہو رہی تھی جس میں 300 سے زائد افراد شریک تھے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعہ اتوار کو نائیجیریا کی شمالی ریاست کدونہ میں پیش آیا تھا۔دوسری جانب نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں نائیجیریا کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل تورید لگباجا نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا اور فضائی حملے پر معذرت کی۔