پوسٹ گریجویٹ کالج میں ”تولیدی صحت اور ازدواجی مشاورت“کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 6 دسمبر 2023 18:01

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) ایبٹ آباد میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی) کےزیراہتمام پوسٹ گریجویٹ کالج میں ”تولیدی صحت اور ازدواجی مشاورت“ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل، اساتذہ کرام اور کثیر تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔تلاوت کلام پاک سےآغاز کیا گیا جس کے بعد جاوید کھوکھر ایف ڈبلیواے نے شرکا کو محکمہ بہبود آبادی کے تمام آگاہی پروگرام اور سہولیات کے مراکز سے آگاہ کیا ۔

ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی شمس الرحمان نے شرکاء کوفیملی پلاننگ کی افادیت کے بارے میں بتایااورسیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کیےتا کہ ملکی آبادی کو موزوں اور مناسب سطح پر رکھنےکے لیے اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس طرح انسان معاشرتی زندگی گزارنے کے لیے مختلف اقسام کی منصوبہ بندی کرتا ہے، بچوں کی تعلیم و تربیت و پرورش سے لے کر روز گار،شادی، ازدواجی زندگی اورعملی زندگی میں اپنی پسند ناپسند کا خیال رکھتا ہے اسی طرح آئندہ عملی زندگی میں بھی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہو کر اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے خاندان کے حجم کا فیصلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے بچوں کی صحت، اچھی پرورش اور بہتر مستقبل کے لیے پیدائش میں مناسب وقفہ ماں اور بچے کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے،بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ملک صحت، تعلیم غربت، خوراک، پانی کی قلت، بے روزگاری جیسے سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ضلعی آفیسر نے سیمینار میں شریک طلباء کے پوچھے گئے سوالوں کے اطمینان بخش جوابات دئیے، ڈاکٹر گل مہنازنے تولیدی صحت کے مسائل اور اُن کے حل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ موروثی بیماریوں سے بچنے کا واحد حل یہ ہی ہے کہ ہمیں آگاہی ہو۔

پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کا یہ آگاہی پروگرام نہایت ہی اہم نوعیت کا ہے اور آبادی میں بے ہنگم اضافہ اس وقت بہت بڑا مسئلہ ہے جس پر ہم سب کو سوچنے کی ضرورت ہے۔