پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک سکے کے دو نہیں بلکہ ایک ہی رُخ ہے

دونوں ایک دوسرے سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ کر عوام سے مذاق کررہے ہیں، دونوں ڈرامہ کرکے عوام کو تاثر دے رہے کہ ہم مقابلے میں ہیں، اصل میں یہ عوام کے مقابلے میں ہیں۔ سابق وزیرمحمد علی درانی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 دسمبر 2023 20:41

پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک سکے کے دو نہیں بلکہ ایک ہی رُخ ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2023ء) سابق وزیرمحمد علی درانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک سکے کے دو نہیں بلکہ ایک ہی رُخ ہے،دونوں ایک دوسرے سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ کر عوام سے مذاق کررہے ہیں، دونوں ڈرامہ کرکے عوام کو تاثر دے رہے کہ ہم مقابلے میں ہیں، اصل میں یہ عوام کے مقابلے میں ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے ایئرپورٹ پر انگوٹھا لگا کر خود کو سلیکٹڈ کا سرٹیفکیٹ جاری کیا، ایئرپورٹ سے عدالت کتنی دورتھی؟ لیکن نوازشریف نے ایئرپورٹ پر ہی انگوٹھے کا انتظام کرایا اورعوام کے ذہنوں میں انگوٹھا لگایا، کہ میں سلیکٹڈ ہوں، پھر پوری جماعت نے لوگوں کو یقین دلایا کہ نوازشریف ہی چوتھی بار کے سلیکٹڈ وزیراعظم ہوں گے، یہ تاثر ان کی جماعت نے خود قائم کیا ہے، جبکہ میاں نوازشریف تو ووٹ کو عزت دو کی بات بھی کرچکے ہیں، لیکن ان کی جماعت نے سلیکٹڈ کی بات کرکے ان کی عزت نیلام کرا دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ نوازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، لندن کی سیاست بے عزتی لگتی تھی، جس سیاست کیلئے ایک بندے کو 15لاکھ خرچ کرکے لیڈر سے ملنے لندن جانا پڑے، میں شرمندگی کی وجہ سے ملک سے نہیں نکلا۔ وہاں سیاست کریں گے تو ہماری کیا عزت رہ جائے گی۔ میں نے کہا کہ آپ یہاں آکر ٹکراؤ نہ بنائیں ، مفاہمت کو آگے لائیں۔

وہ آئے انہوں نے مینارپاکستان میں مفاہمت کی بات کی، لیکن ان کی جماعت نے سلیکٹڈ کی کھچ مار دی ۔ یہ ان کی جماعت کا ذہنی دیوالیہ پن ہے۔جب سیاست موروثی ہوجاتی ہے اور بڑے بچوں کے ہاتھ کا کھلونا بن جاتے ہیں، جب بچوں کے اقتدار کو یقینی بنایا جائے تو پھر یہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بہادری پر شک نہیں کیا جاسکتا، ان کی اچیومنٹ اور سیاسی عزم پر سوال نہ کرسکتے۔

انہوں نے بہت کچھ کمپرومائز کیا ہے۔ لیکن اب ان پر سلیکٹڈ کا جو دھبہ لگ رہا ہے، ایک دھبہ ضیاء دور میں لگا تھا، ایک اب لگ رہا ہے، اس کے بات انہوں نے مزاحمت والی سیاست کی تھی، لیکن اب سب گھر والوں نے مل ملا کر ان سلیکٹڈ والے سسٹم میں ڈال دیا ہے۔ محمد علی درانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں ایک ہی ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ ایک دوسرے سے مانگ کر عوام کے ساتھ مذاق کررہے ہیں۔ یہ ایک سکے کے دو رُخ نہیں بلکہ ایک ہی رخ ہے ، یہ ایک دوسرے کے ساتھ ڈرامہ کرکے عوام کو تاثر دے رہے کہ ہم مقابلے میں ہیں، اصل میں یہ عوام کے مقابلے میں ہیں، انہیں عوام کے سامنے سرنڈر کردینا چاہیے۔