مقبول اداکارہ، ٹی وی میزبان نوشین مسعود زندگی کی بازی ہار گئیں،وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں

بدھ 6 دسمبر 2023 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) مقبول اداکارہ، ٹی وی میزبان، پروڈیوسر اور ہدایت کار نوشین مسعود طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔نوشین مسعود کے سابق شوہر طارق قریشی نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اور زیر علاج تھیں۔اداکار عدنان صدیقی نے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر کی، اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔

(جاری ہے)

مرحومہ کے سوگواران میں ان کے موجودہ شوہر عمران اور دو بیٹے شامل ہیں۔نوشین مسعود نے جنون بینڈ ، شہزاد رائے، جنید جمشید، عامر ذکی، جواد احمد سمیت کئی معروف گلوکاروں کی میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کیں۔مرحومہ انسٹاگرام پروفائل کے مطابق وہ انٹیریئر ڈیزائنر، فرنیچر ڈیزائنر اور فیبریکیٹر کے طور پر بھی کام کررہی تھیں۔ان کے مشہور ڈرامہ سیریلز میں جا، کالونی 1952، گھر تو آخر اپنا ہے ودیگر شامل ہیں جبکہ نوشین مسعود نے مختلف پروگرامز کی میزبانی بھی کی۔