رائے ونڈ کی عوام بیس سال گزرنے کے باجود پینے کے صاف پانی سے محروم

واٹر سپلائی پروجیکٹ مٹی کے ڈھیرمیں تبدیل ، غلاظت ملا پانی پینے سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا

جمعرات 7 دسمبر 2023 14:42

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) رائے ونڈ کی عوام بیس سال گزرنے کے باجود پینے کے صاف پانی سے محروم، غلاظت ملا پانی پینے سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلاہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 20سالوں سے رائے ونڈ کے شہری لاکھوں روپے کا یومیہ نہری پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں اور نصف ارب روپے کی کثیر لاگت سے تیار ہونے والا واٹر سپلائی پروجیکٹ مٹی کے ڈھیرمیں تبدیل ہونے سے شہریوں میں بیماریاں عام ہوگئیں۔

کروڑوں روپے مالیت سے بننے والی پانی کی ٹینکیاں چل نہ سکیں ۔محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت سے 5 لاکھ افراد پینے کے صاف پانی سے محروم ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگی دورحکومت میں رائے ونڈ شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے تقریبا ایک ارب روپے کی گرانٹس دی گئی جو کمیشن ایجنٹوں کی نذر ہو گئی ،مذکورہ گرانٹس کو انتہائی بیدردی سے استعمال کرتے ہوئے شہر میں بڑے سیوریج پائپ نکال کر چھوٹے پائپ ڈال دئیے گئے جو شہریوں کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن گیا معمولی بارش سے شہر جوہڑ اور تالاب کا منظر پیش کرتا ہے گلیاں ،بازار پانی میں ڈوب جاتی ہیں جبکہ ادھر واٹر سپلائی کے انتہائی غیر معیاری منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں آسکا ۔

(جاری ہے)

ہر سیاسی جماعت نے اپنے اپنے جلسہ عام میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن دو دہائیاں گزرنے کے باجود وعدہ پورا نہیں ہو سکا ،سرکاری نلوں میں پانی کیساتھ ساتھ گندگی ،غلاظت کے ذرات آتے ہیں لوگ اس پانی سے وضو تک نہیں کرپاتے مجبورا نہری پانی فروخت کرنیوالے رکشوں سے 50روپے فی کین پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ غریب عوام کھارا زمینی پانی پینے سے جملہ امراض کا تیزی سے شکار ہو رہے ہیں اس خوفناک صورت حال کو بدلنے کیلئے مسلم لیگ، تحریک انصاف کی حکومت بھی ناکام نظر آئی، سروے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ ہر گھر میں دو کین پانی استعما ل ہو رہا ہے جس کی مالیت ماہانہ 3ہزارروپے فی گھر بنتی ہے غریب اور محنت کش آبادی 3ہزارماہوار اضافی بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہیںایک محتاط اندازے کے مطابق رائے ونڈ کی عوام روزانہ 6 لاکھ روپے کا نہری پانی پی رہے ہیں جس سے پانی سپلائی کرنیوالے گروہ کروڑ پتی بن گئے ہیں ،شہریوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔