رنبیر کپور کی فلم ’’انیمل‘‘ دیکھنے میں 3گھنٹے ضائع کر د یئے، بھارتی کرکٹر کی تنقید

جمعرات 7 دسمبر 2023 22:35

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2023ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر جے دیو اندکٹ نے بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کی ایکشن تھرلر ہٹ فلم انیمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے فلم دیکھ کر اپنے 3 گھنٹے ضائع کردیے۔ بھارتی فاسٹ بائولر جے دیو اندکٹ نے جنگ، انتقام اور تشدد سے بھرپور فلم انیمل دیکھنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کا رخ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ فلم انیمل ایک آفت ہے، آج کے دور میں بدگمانی کی تعریف کرنا اور پھر اسے محض روایتی مردانگی کا نام دینا ایک رسوائی ہے کیونکہ ہم جنگل یا محلوں میں نہیں رہ رہے اور نہ ہی ہم جنگیں لڑ رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے برا لگ رہا ہے کہ میں نے اپنے 3 گھنٹے ایک ایسی فلم دیکھنے میں ضائع کر دیئے۔بھارتی فاسٹ بائولر نے فلم انیمل کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے بعد اپنے ایکس اکائونٹ سے پوسٹ ڈیلیٹ کردی، تاہم ان کی پوسٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے۔