مشیر کھیل وہاب ریاض کی شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم سے ملاقات

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:18

مشیر کھیل وہاب ریاض کی شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی ملک کا نام روشن کریں گے، شطرنج کے کھیل کی ترقی کے لئے پنجاب میں ایونٹ کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتا ہے،وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں خاص طور پر نیشنل گیمز،پنک گیمز و دیگر گیمز میں حصہ لینے والوں کو جلد انعامات دیں گے۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض نے مزید کہا کہ پنجاب میں تما م کھیلوں کی ترقی کیلئے جامع پلان مرتب کیا ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا،نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کام کررہاہے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل اس حوالے سے کام کررہے ہیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی بار بڑے انعامات دیئے جائیں گے،شطرنج کی ترقی کیلئے پہلے بھی بڑا ایونٹ کروا چکے ہیں اور اب بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اس موقع پر میڈیا کے سوالات کے جوابات دیئے اور شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں کے درمیان کٹس بھی تقسیم کیں۔چیس فیڈریشن کے صدر حنیف قریشی نے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہر موقع پر کھلاڑیوں کی مدد کی ہے، 16رکنی قومی چیس ٹیم 12سے22 دسمبر تک الالین عرب امارات میں ہونیوالی شطرنج یوتھ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔