190ملین پاؤنڈ کیس، زبیدہ جلال کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق نیا انکشاف

کابینہ ارکان نے 190ملین پاؤنڈز کی تحقیقات کی سفارش کی تھی، اصرار کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم ایک نہ سنی، اس ایجنڈے کو بغیر بحث منظور کیا گیااور منٹس خفیہ رکھنے کی بھی منظوری دی گئی، نیب رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:37

190ملین پاؤنڈ کیس، زبیدہ جلال کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق نیا انکشاف
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2023ء) نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ این سی اے کے 190ملین پاؤنڈ کیس میں نیب ٹیم کے سامنے سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال اہم انکشاف کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کابینہ ارکان 190 ملین پاؤنڈز کی تحقیقات کی سفارش کی تھی، لیکن وزیراعظم نے ایک نہ سنی اور منٹس خفیہ رکھنے کی بھی منظوری دی ۔ میڈیا کے مطابق نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق نیب ٹیم کے سامنے نیا انکشاف کردیا ہے، نیب ٹیم نے زبیدہ جلال کے بیان کو اپنی تفتیش کا حصہ بنالیا ہے، زبیدہ جلال نے نیب ٹیم کو بتایا کہ کابینہ ممبران نے 190ملین پاؤنڈزکیس کی تحقیقات کرانے کی سفارش کی تھی، کئی ارکان کی رائے تھی کہ این سی اے کی رقم پاکستان کو دینے کی بات کی جائے، کابینہ ارکان نیب تحقیقات میں شامل ہوئے اور اسی مئوقف کو دہرایا۔

(جاری ہے)

زبیدہ جلال نے نیب ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور مئوقف اپنایا تھا کہ 190ملین پاؤنڈز پاکستان کا اثاثہ ہے یہ پیسا واپس آنا چاہیے۔ میرے اصرار کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کسی کی ایک نہ سنی۔190ملین پاؤنڈ کیس کے سنجیدہ معاملے پر بغیر بحث کے ایجنڈا منظور کیا گیااور منٹس خفیہ رکھنے کی منظوری دی گئی۔ دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف 190 ملین پانڈ ریفرنس میں شریک ملزمان کے اشتہار جاری کر دئیے۔

شہزاد اکبر، ذلفی بخاری، ضیا المصطفیٰ اور فرح گوگی کے اشتہار جوڈیشل کمپلیکس میں چسپاں کر دیے گئے ہیں۔ ملزمان کو 6 جنوری کو اشتہار کے ذریعے احتساب عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے احکامات پر ملزمان کے اشتہارات جاری کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 190 ملین پانڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کے ہمراہ بشری بی بی بھی نامزد ملزمہ ہیں۔