ذاکر نائیک کے انتقال کی خبریں وائرل، کروڑوں مداح پریشان ہوگئے

ہفتہ 9 دسمبر 2023 23:02

ذاکر نائیک کے انتقال کی  خبریں وائرل،  کروڑوں مداح  پریشان ہوگئے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2023ء) معروف بھارتی مبلغ اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی موت کے حوالے سے ہفتے کی دوپہر کو سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں وائرل ہونے پر دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح پریشان ہوگئے۔جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینیٹر عبدالکریم نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے انتقال کی پھیلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ الحمدللہ، ڈاکٹر ذاکر نائیک حفظہ اللہ اپنے مشن کی تکمیل کیلئے زندہ و سلامت اور صحت و عافیت کیساتھ ملائیشیا میں مقیم ہیں۔انہوں نے ان کے عقیدت مندوں کو اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں سے پریشان نہ ہوں۔پاکستان کی اسلامی تنظیم کے عہدیدار آصف حمید نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے کچھ دیر قبل ہی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے بات کی، وہ خیریت سے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر ذاکر نائیک کی موت کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جس سے کروڑوں لوگ پریشان ہیں۔ آصف حمید نے ذاکر نائیک کی صحت مند اور دراز عمر کی دعا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عوام کو اپیل کی کہ وہ بھارتی مبلغ کی موت کے حوالے سے پھیلنے والی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔ یادرہے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل فیس بک اور ٹوئٹر پر مبلغ کی تازہ ویڈیوز اور بیانات شیئر کیے گئے اور مذکورہ پوسٹس پر بھی لوگوں نے کمنٹس کرکے ان کی موت کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں پر سوال کیا۔

ذاکر نائیک کی فیس بک پوسٹ اور ٹوئٹ پر بھی بعض لوگوں نے کمنٹس کیے کہ مبلغ وفات پا گئے ہیں جب کہ وہاں متعدد صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے اسلامی اسکالر کی موت کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل سوشل میڈیا اکا ئو نٹس سے صارفین کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے جوابات نہیں دیے گئے، جس وجہ سے لوگوں میں زیادہ مایوسی پائی گئی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک 2016 میں بھارت چھوڑ کر ملائیشیا منتقل ہوگئے تھے جہاں انہیں مستقل رہائش فراہم کردی گئی تھی۔