جرمنی اور فرانس سمیت دیگر ملکوں نے اسرائیل پر جنگ بندی کیلئے دباؤ بڑھا دیا، اسرائیل کی جانب سے جنگبندی کا مطالبہ مسترد

پیر 11 دسمبر 2023 21:27

پیرس ، برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2023ء) غزہ میں جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں اور فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے جرمنی اور فرانس سمیت دیگر ممالک سامنے آگئے۔جرمنی اور اسرائیل سمیت دیگر ملکوں نے اسرائیل پر جنگ بندی کیلئے دباؤ بڑھا دیا ہے تاہم اسرائیل نے جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مختلف ممالک کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جرمنی اور فرانس سمیت دیگر ممالک حماس کے خاتمے کی اسرائیلی حمایت کرکے جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کرسکتے۔

نیتن یاہو نے اپنے بیان میں غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے اورغزہ پر حملوں کیلئے اسلحہ دینے پر امریکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا ہر سال اسرائیل کو 3 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد دیتا ہے، یہ امداد 2016 میں بارک اوباما کی صدارت میں اسرائیل کو 10 سال کیلئے 38 ارب ڈالرز کا اسلحہ دینے کے معاہدے کا تسلسل ہے۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اس سال کی نصف امداد اسرائیل نے اپنے میزائل ڈیفنس سسٹم پر لگائی ہے۔