چار روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں6 ہزارروپے سے زائد کی بڑی کمی ہوگئی

آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 1000 روپے کمی ہوئی، جبکہ گزشتہ روز فی تولہ سونے کے نرخ 858 روپے کم ہوئے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر2 لاکھ 12 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 دسمبر 2023 18:54

چار روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں6 ہزارروپے سے زائد کی بڑی کمی ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 دسمبر 2023ء) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ملک میں چار روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزارروپے سے زائد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، آج فی تولہ سونے کے نرخ ایک ہزار روپے کم ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کمی کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 858 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 82 ہزار 270 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہےعالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں 7 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1998 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ چار روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 روپے سے زائد کی کمی ہوئی جبکہ دس گرام سونے کی نرخ 5144 روپے کم ہوئے ہیں۔

دوسری جانب نگران وفاقی وزیرخزانہ ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاداختر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ٹرانزیکشنز اور ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف کاررائیوں کے نتیجے میں 5 ستمبر کے بعد ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، سٹاف لیول معاہدے کی منظوری کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف کی 700 ملین ڈالر کی قسط موصول ہو گئی ، توقع ہے پاکستان کو دوطرفہ اور کثیرجہتی شراکتداروں سے 4.5 ارب ڈالر کی معاونت موصول ہو گی۔

بدھ کو آئی سی ایم اے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ مالی سال 23-2024 پاکستان کی معیشت کے لئے کئی چیلنجوں کے ساتھ شروع ہوا۔ پاکستان کی معیشت کو گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے نقصانات اور تباہ کاریوں کا سامنا رہا، زرمبادلہ اور ترسیلات زر کے مسائل کی وجہ سے مالی اور حسابات جاریہ کے کھاتوں کی خسارے جیسے مسائل ہمیں درپیش تھے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یوکرائن جیسے مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی منظر نامہ بھی موافق نہیں تھا جس سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی متاثر ہوا۔