پاک فوج کا سول انتظامیہ کے تعاون سے لائن آف کنٹرول پر واقع گاؤں ڈھوبہ بیدی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

پیر 18 دسمبر 2023 19:00

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2023ء) پاک فوج نے سول انتظامیہ کے تعاون سے لائن آف کنٹرول پر واقع گاؤں ڈھوبہ بیدی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولیات مقامی لوگوں کو گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔ فری میڈیکل کیمپ میں اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات پیش کیں۔

(جاری ہے)

ماہر امراضِ نسواں کے علاوہ ماہر امراض چشم، ماہر امراض اطفال، جنرل سرجن اور میڈیکل سپیشلسٹ بھی میڈیکل کیمپ کا حصہ تھے۔ گائناکالوجسٹ نے موبائل الٹراساؤنڈ مشین کے ذریعے 166 خواتین کا طبی معائنہ کیا اور مفت ادویات مہیا کیں۔ میڈیکل کیمپ میں 500 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی لیکچر کا بھی انعقاد کیا گیا۔ قریبی دیہاتوں سے مریضوں کی آمدورفت کے لیے گاڑیاں بھی مہیا کی گئیں۔ مقامی آبادی نے دور دراز علاقہ میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بھرپور سراہا اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔