ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور شفاف انتخابات کے لئے سیاسی جماعتیں اے پی سی بلائیں، میر لشکری رئیسانی

سیاسی جماعتیں یہ نہیں کرسکتیں تو ہمیں کہیں ہم بلائیں گے، ،ہماری ہمیشہ سوچ رہی ہے اپنے صوبے کی آواز کو حکمت کے ذریعے اٹھائیں، وفود سے گفتگو

بدھ 20 دسمبر 2023 22:30

!کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2023ء) سنیئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور شفاف انتخابات کے لئے سیاسی جماعتیں اے پی سی بلائیں اگر سیاسی جماعتیں یہ نہیں کرسکتیں تو ہمیں کہیں ہم بلائیں گے، سیاست شعور ، دلیل اور حکمت کے ذریعے کی جاتی ہے نہ کہ لوگوں کو خواب دکھاکر کی جائے ،ہماری ہمیشہ سوچ رہی ہے اپنے صوبے کی آواز کو حکمت کے ذریعے اٹھائیں۔

یہ بات انہوں نے سراوان ہاوس میں کوئٹہ شہر سے تعلق رکھنے والے عمائدین و سیاسی کارکنوں کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ مہذب دنیا میں اخلاقیات آئین و قانون سے بالاتر ہوتی ہے اور جہاں لوگ اخلاقیات کے پابند ہوں گے وہاں لوگ آئین و قانون کا بھی احترام کریں گے،گزشتہ 73 سال سے پاکستان میں سماج کے ارتقاکو روک دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں معاشرہ زوال کی طرف جارہا ہے ، سیاسی جماعتوں اور شخصیات کو ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے سماجی اقدار کا ذمہ دار ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اے پی سی بلاکر ایک ضابطہ اخلاق کا تعین کریں تاکہ ملک شفاف انتخابات کی طرف بڑھے اور سیاسی کارکنوں پر مشتمل پارلیمنٹ وجود میں آئے جو اس ملک کو بحرانوں سے باہر نکالے، انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو برداشت نہیں کرتیں ہیں تو ہمیں کہیں ہم آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے،بلوچستان جرگوں کی سرزمین ہے ہماری صدیوں کی روایت رہی ہے ہم جرگہ بلائیں گے جس میں ضابطہ اخلاق کا تعین کرکے اس کا اعلان کرکے شفاف الیکشن کی طرف جائیں تاکہ ملک میں الزام تراشی اور بحرانوں کا سلسلہ جو گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے وہ رک سکے،انہوں نے کہا کہ مجھے جذبات نہیں عقل و دلیل اورشعور کی بنیاد پر ووٹ چاہیے کبھی وہ پتھر نہیں اٹھایا جس سے میری کمر ٹیڑھی ہو ہمیشہ حکمت کے ذریعے اپنے سماج اور صوبے کو آگئے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔