گھر کے گیراج میں دھماکا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا بیان آگیا

ہم سب گھر والے خیریت سے ہیں، گھر کے اندر کسی نے کوئی چیز پھینکی، دھماکے سے گھر میں گاڑی تباہ ہوگئی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 20 دسمبر 2023 22:39

گھر کے گیراج میں دھماکا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا بیان آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 20 دسمبر 2023) گھر کے گیراج میں دھماکا کے بعد ثاقب نثار کا بیان آگیا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سب گھر والے خیریت سے ہیں، گھر کے اندر کسی نے کوئی چیز پھینکی، دھماکے سے گھر میں گاڑی تباہ ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ باہر کھڑے گارڈ اور ملازمین معمولی زخمی ہوئے، ابھی یہ معلوم نہیں کہ کیا چیز اندر پھینکی گئی۔

ثاقب نثار نے کہا کہ پولیس تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے، امید ہے جلد ذمہ دار پکڑے جائیں گے، تفتیش سے ہی پتہ چلے گا کہ کس نے دھماکا کیا اور کیا مقاصد تھے۔ ادھر واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سابق چیف جسٹس کے گھر پہنچ گئی۔ ثاقب نثار اور ان کی فیملی گارڈن ٹاؤن میں واقع گھر میں موجود تھی، سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو دو بار دھمکیاں مل چکی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار اور گارڈز زخمی ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق میاں ثاقب نثار اپنے اہلخلانہ کے ہمراہ گھر میں ہی موجود تھے، یہ لاہور میں ان کا آبائی گھر ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو کچھ عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں، جبکہ ان کے گھر پر تعینات سیکورٹی جس میں رینجرز بھی شامل تھی، اسے بھی ہٹایا جا چکا۔

واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے، تفتیش کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ کس نے اور کس مقصد کے تحت حملہ کیا۔ انہوں نے تایا کہ دھماکے کے نتیجے میں گھر کے کسی فرد کو نقصان نہیں پہنچا، اہل خانہ محفوظ رہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔