جماعت اسلامی سکھرکے نامزد امیدواران نے فارم نامزدگی جمع کروا دیے

ہفتہ 23 دسمبر 2023 19:41

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2023ء) جماعت اسلامی سکھر کیجانب سے نامزد امیدواران نے فارم نامزدگی جمع کروا دیے، سکھر سے قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 200 پر مولانا حزب اللہ جکھرو نے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 24 پر زبیر حفیظ شیخ نے اپنے نامزدگی فارم جمع کروائے، قبل ازیں جماعت اسلامی ، اسلامی جمعیت طلبہ ، جے آئی یوتھ ، جمعیت عربیہ کے کارکنان، ووٹرز اور حامیوں کے ایک جلوس کے ہمراہ جماعت اسلامی کے رہنماء کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے متعلقہ آر اوز دفاتر پہنچے، کارکنان نے جوش و ولولے سے ان پر گل پاشی کی اور نعرے لگائے، این اے 201 سے جماعت اسلامی کے امیدوار ایڈوکیٹ سلطان احمد لاشاری، سرفراز صدیقی، ایڈوکیٹ خلیل اللہ جکھرو، سجاد اللہ بھٹو ، شہباز بگٹی ،عبدالحمیدتنیو، اسداللہ تنیو، طلحہ بھٹی،عبدالستار اخوان، سمیت دیگر موجود تھے، اس موقع پر مولانا حزب اللہ جکھرو زبیر حفیظ شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے کہا کہ اب صرف حل جماعت اسلامی ہے، عوام تمام جماعتوں کو آزما چکے ہیں، لیکن انہوں نے کرپشن بد عنوانی لوٹ مار اور مہنگائی بیروزگاری کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا ہے، اہل دیانتدار اور محب وطن قیادت ہے عوام کو مسائل کے بھنور سے نکال سکتی ہے جو کہ جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بار دلفریب جھوٹے نعروں کے دھوکے میں مت آئیں، جماعت اسلامی ترازو کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں ،جماعت اسلامی کیجانب سے سکھر کی دو صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں کیلئے امیدواران حصہ لیںگے،ان میں پی ایس 24 کیلئے زبیرحفیظ شیخ، پی ایس 22پنوعاقل ضلع سکھر کیلئے عبدالقدیر بلو،پی ایس 23 صالح پٹ ضلع سکھر کیلئے علی محمد مہر،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 200 سکھر امیدوار برائے قومی اسمبلی مولانا حزب اللہ جکھرو ،این اے 201ضلع سکھر کیلئے ایڈوکیٹ سلطان احمد لاشاری شامل ہیں۔