جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 30 دسمبر 2023 12:57

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2023ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون ،سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر آفس کراچی میں ہوئی، معاہدے کا مقصد دونوں جامعات کے درمیان مضبوط روابط اور ضرورت پر مبنی تحقیق کو فروغ دینا ہے، معاہدے سے دونوں اداروں کے طلبہ اور اساتذہ باہمی اشتراک سے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر کام کر سکیں گے۔

جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر زرین فاطمہ اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز ڈاکٹر یاسر نواز منج جبکہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ڈائریکٹر آفس آف دی ریسرچ ،انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر محمد علی ویر سیانی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

معاہدے پر دستخط کے بعد پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ نے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ اور سیالکوٹ کے تیار کردہ خصوصی فٹ بال بھی سوئنیر کے طور پر پیش کئے۔

معاہدے کے بعد "پبلک سیکٹر یونیورسٹی میں وائس چانسلر اوراساتذہ کا کردار"کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سےخطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلرز کا جامعا ت کی ترقی میں سب سے اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ معاشی اور اخلاقی طور پر کرپٹ نہیں تو آپ اچھے استاد اور سربراہ بن سکتے ہیںں۔

اس موقع پر ڈاکٹر یاسر نوازمنج نے کہا کہ ہماری تحقیق صنعتی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے اسی لئے ہم مختلف انڈسٹریز اور جامعات کے ساتھ ایم او یوز کر رہے ہیں ۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز کو شعبہ کیمیاء، مائیکر بایولوجی و دیگر شعبوں میں ریسرچ لیبز کا دورہ کروایا گیا اور لیب آف اپلائیڈ مائیکرو بیالوجی اینڈ کلینیکل مائکولوجی کی تیارکردہ ریسرچ مصنوعات بھی پیش کی گئیں۔