الخدمت آرفن کیئر پروگرم کے تحت’’ ماہ قائداعظم‘‘منایا گیا ، تقریبات کا اہتمام

باہمت بچوں کے درمیان تقر یری اورکوئز مقابلے ’’کردارسازی ‘ کے عنوان سے تربیتی ورکشاپس بھی منعقد کی گئیں

ہفتہ 30 دسمبر 2023 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2023ء) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت -’’ ماہ قائد اعظم محمد علی جناح "منایا گیا۔ اس سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،جس میں باہمت بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں نے شرکت کی۔الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے کلیسٹرز نئی کراچی ،کورنگی ،لیاری ،اورنگی ٹاؤن،اولڈ سٹی ایریا ، ملیر سمیت دیگر کلیسٹرز میں پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں باہمت بچوں کے درمیان تقر یری اورکوئز کے مقابلے منعقد کیے گئے جبکہ ’’کردار سازی --‘‘کے عنوان سے تربیتی ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں بچوں کی ماؤں اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی ۔اولڈ سٹی ایریا کلیسٹرمیں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی سابق رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ،ملیر کلیسٹر میں امیر جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ توفیق الدین صدیقی تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عبد الرشید نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے محبت اورانہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پورا مہینہ تقریبات کا اہتمام کیاجاتا ہے جو خوش آئند بات ہے ۔

انہوں نے باہمت بچوں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک قابل ،ذہین اور بلند کردار کے حامل لیڈر تھے ۔ انہوں نے مسلمانوں کا مقدمہ لڑا اور انگریزوں اور ہندؤں سے آزادی حاصل کرکے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن حاصل کرکے دیا ،اسی جدوجہد کے نتیجے میں یہ پاک دھرتی دنیا کے نقشہ پر آئی ۔توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ قائد اعظم کی انتھک محنت اور مسلمانان برصغیر کی عظیم قربانیوں اور قائد کے رفقا کی جدوجہد سے بنا ،ہمیں قائد اعظم کے اقوال زریں پر عمل کرنا ہوگا اور قوم کو متحد ہو کر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ آپ بچوں کا فرض ہے کہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں ،آپ پڑھیں اور آگے بڑھیں ،کیونکہ آپ ہی نے بڑے ہو کر اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی کاوشوں کی تعریف کی۔الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت تمام کلیسٹر زمیں ’’ کردار سازی ‘ کے عنوان سے ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ۔ ٹرینر ز نے بچوں کو شخصیت سازی اور کردار کی تعمیر کے حوالے سے انتہائی مفید باتیں بتائیں ۔