ایوان بالا ، یونیورسٹی طلبا میں نشہ آور ادویات کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے قرارداد منظور

پیر 1 جنوری 2024 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2024ء) ایوان بالا نے جامعات کے کیمپسوں میں یونیورسٹی طلباء میں نشہ آور ادویات کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے قرارداد پیش کی کہ جامعات کے کیمپسوں میں یونیورسٹی طلباء میں نشہ آور ادویات مثلاً ہیروئن، کوکین، نشہ آور گولیاں، شیشہ، چرس، نشہ آور انجکشن اور الکوحل کے استعمال میں اضافہ بڑھتا جا رہا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کیمپسوں کے ہاسٹلوں میں مقیم طلبا نشہ آور ادویات کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک بھر میں کم و بیش 90 لاکھ افراد نشہ آور ادویات کا استعمال کرتے ہیں جن میں 15 سے 25 سال عمر کے نوجوانوں کی تعداد 20 لاکھ ہے جو ملک بھرمیں سنجیدہ سماجی اور طبی مسائل کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت فوری طور پر متنوع ثقافتی پس منظروں سے تعلق رکھنے والے طلبا کی ضروریات پورا کرنے اور اعلیٰ تعلیمی نصاب کی اصلاح کے لئے ضروری اقدامات کرے تاکہ طلباکو نشہ آور ادویات کے نتائج اور خطرات سے آگاہ کیا جا سکے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نشہ آور ادویات اور تمباکو کے غلط استعمال کو روکنے کی پالیسی 2021 کی تمام جامعات میں من و عن نفاذکی نگرانی کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے۔

ایوان نے قرارداد کی منظوری دیدی۔