جنوبی کوریا کے اپوزیشن رہنما لی جائی میونگ پریس کانفرنس کے دوران چاقو سے مسلح شخص کےحملے میں زخمی

منگل 2 جنوری 2024 09:50

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2024ء) جنوبی کوریا کے اپوزیشن رہنما اور سابق صدارت امیدوار لی جائی میونگ جنوبی شہر بوسان میں ایک پریس کانفرنس کے دوران چاقو سے مسلح شخص کےحملے میں زخمی ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ حملہ آور جس کی عمر 60 سال کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے ، آٹو گراف لینے کے بہانے لی جائی میونگ کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی حملے کی ویڈیوز میں مسٹر لی کو پہلے ہجوم میں گرتے اور پھر زمین پر گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ کئی لوگ حملہ آور کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منگل کی صبح ہونے والے حملے کے نتیجہ میں لی جائی میونگ کی گردن پر زخم آیا جس کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

59 سالہ مسٹر لی جائی میونگ ڈیموکریٹک پارٹی آف کوریا کے سربراہ ہیں۔ وہ فی الحال جنوبی کوریا کی مقننہ کے رکن نہیں ہیں لیکن توقع ہے کہ وہ اپریل 2024 میں میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ اس کے علاوہ وہ 2027 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھی حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ 2022 کے صدارتی انتخابات میں ووٹوں میں محض 0.73 فیصد کے فرق سے موجودہ صدر یون سک یول سے ہار گئے تھے۔وہ سیئول کے جنوب میں واقع 10 لاکھ آبادی کے شہر سیونگنم کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔