(ن) لیگ نے بلوچستان کیلئے 58 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا

مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے 16 اور بلوچستان اسمبلی کیلئے 42 امیدواروں کے ناموں کی لسٹ جاری کردی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 جنوری 2024 21:42

(ن) لیگ نے بلوچستان کیلئے 58 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جنوری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے 58 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیہ ن لیگ کے مطابق بلوچستان سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مجموعی طور اٹھاون امیدوار انتخابی میدان میں اتارے جائیں گے، جن کو ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ لسٹ کے تحت بلوچستان سے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں اور بلوچستان اسمبلی کے لیے 42 حلقوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان امیدواروں میں قومی اسمبلی نشستوں کیلئے نوابزادہ طور گل، سردار محمد یعقوب خان، میر دوستان خان، عبدالغفور، میر خان محمد جمالی، عبدالخالق، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ودیگر امیدوار ہوں گے۔

(جاری ہے)


مزید برآں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی رہنماﺅں نے ملاقات کی۔ ملاقات کرن ے والوں میں عبدالرحمن کانجو، رانا منور غوث، امانت شادی خیل اورسینیٹر اعظم نزیر تارڑ شامل ہیں۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی رہنماﺅں نے اپنے حلقوں میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کے جذبے کی تعریف کی۔ ملاقات میں مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں مشاورت ہوئی۔ صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کرلی ہے، حلقوں میں عوام کو مسلم لیگ (ن) کے معاشی ایجنڈے سے آگاہ کریں، چار سال میں ہونے والی تاریخی تباہی ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، صرف مسلم لیگ (ن) مسائل حل اور عوام کو ریلیف دے سکتی ہے، معاشی اور عوامی مسائل کے حل کی سنجیدہ منصوبہ بندی صرف ہمارے پاس ہے، عوام نے وعدہ خلافوں اور وعدہ نبھانے والوں میں ووٹ سے فرق دکھانا ہے۔