نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے شیخ محمد بن زاید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

جمعہ 5 جنوری 2024 16:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2024ء) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعہ کو یہاں شیخ محمد بن زاید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عمر افتخار نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مجموعی کارکردگی اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں شیخ محمد بن زاید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہے جو صوبے کے غریب عوام کو ہمہ وقت معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے انسٹی ٹیوٹ کا اعلٰی معیار کسی بھی طرح سے ملک کے مہنگے ترین نجی ہسپتالوں سے کم نہیں آئی سی کیو کے اس بہترین نظم و ضبط اور مثالی انتظامی امور کی انجام دہی پر ادارے کی انتظامیہ اور پاک آرمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس طرح پاک فوج نے قدرتی آفات سمیت غیر معمولی ہنگامی حالات اور ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کی خدمت کی ہے اس طرح طبی میدان میں بھی غریب افراد کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لئے پاک فوج کی ایسی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یقین دلایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی کوئٹہ میں پی ای ٹی اسکین، نیو کلئیر میڈیسن، سیکورٹی، مواصلات، ٹرانسپورٹ اور سولرائزیشن کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیح اقدامات اٹھائے جائیں گے، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بی آئی کیو کو ایک مثالی طبی ادارہ بنانے کے لئے حکومت بلوچستان ہر ممکن تعاون کرے گی دورے کے اختتام پر ادارے کے سربراہ بریگیڈیئر عمر افتخار نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان کو سوئینر پیش کیا ۔

قبل ازیں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ پہنچنے پر ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عمر افتخار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر میر علی مردان خان ڈومکی نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پودا لگایا اور دعا کی۔