پولیو کے خاتمے کیلئے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر تفویض شدہ ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دی جائیں، ایڈیشنل کمشنر بنوں

جمعہ 5 جنوری 2024 22:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2024ء) ایڈیشنل کمشنر بنوں ڈویژن بید اللہ شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ کے افسران انسداد پولیو کی ڈویژنل اور ضلعی سطح پر تفویض شدہ ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دیں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض سے ہمیشہ کیلئے نجات مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر بنوں کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر ضلع بنوں،ڈپٹی کمشنر لکی مروت اور شمالی وزیرستان کے نمائندوں سمیت انسداد پولیو سے متعلق محکمہ صحت کے ذمہ داروں سے اپنے اپنے اضلاع میں جاری انسداد پولیو سے متعلق تفصیلی بریفننگ لیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود،سیکرٹری ٹو کمشنر بنوں نور الامین،اسسٹنٹ کمشنر لکی مروت،اسسٹنٹ کمشنر میر علی، تینوں اضلاع بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیویلپمنٹ گل نواز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر بنوں ڈویژن کو تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد پولیو سے متعلق جاری کوششوں اور بچوں کو ویکسین پلانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، تجاویز اوردرپیش مسائل کا تفصیل سے ذکر کیا گیا۔

اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود نے کہا کہ ضلع بنوں میں انسداد پولیو کی کوششوں کو مزید بہتر بنانے میں ضلع انتظامیہ بنوں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ڈپٹی کمشنر لکی مروت کے نمائندے نے ایڈیشنل کمشنر بنوں ڈویژن کو تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے آئندہ انسداد پولیو کے تحت جاری کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ضلع لکی مروت میں در پیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ ایڈیشنل کمشنر بنوں ڈویژن نے ہدایت کی کہ بنوں ڈویژن میں آئندہ انسداد پولیو کے اہداف کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں بھی بنوں ڈویژن میں پولیو کے خاتمے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔