انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لیںگے، 7 قومی اور 16 صوبائی اسمبلی نشستوں پر امیدوار لڑ رہے ہیں ،رہنماء جمہوری وطن پارٹی

منگل 9 جنوری 2024 20:43

،کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2024ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ترجمان نور اللہ وطن دوست اور قومی اسمبلی کے حلقہ 263 سے امیدوار جواد ہزارہ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لے رہی ہے ملک بھر سے 7 قومی اور 16 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہمارے امیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264میر محمد علی ریکی بلوچ کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر عظیم بٹ ،چوہدری نوید سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 سے آزاد امیدوار میر محمد علی ریکی نے جے ڈبلیو پی میں شمولیت کا اعلان کیاان کا کہنا تھا کہ میرا اس سے قبل کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا میں شہید نواب اکبر بگٹی کی پارٹی جمہوری وطن پارٹی کی موجودہ قیادت نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور نوابزادہ گہرام بگٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہوا ہوں کیونکہ جے ڈبلیو پی بلوچستان کے حقوق کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے اس موقع پر جے ڈبلیو پی کے مرکزی ترجمان نور اللہ وطن دوست اور جواد ہزارہ نے بتایا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ میر محمد علی ریکی ہمارے امیدوار ہیں اور انہیں پارٹی نے ٹکٹ جاری کردیا ہے اور وہ پارٹی پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی کے دروازے کھلے ہیں جو بھی پارٹی منشور اور قیادت پر اعتماد کرتا ہے اور پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہے ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیںاس موقع پر جواد ہزارہ، نور اللہ وطن دوست نے میرمحمد علی ریکی کو پارٹی مفلر پہناکر پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔