سندھ زرعی یونیورسٹی اور چین کی نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی کے درمیان آن لائن معاہدہ

بدھ 10 جنوری 2024 18:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور چین کی نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی کے درمیان تدریس و تحقیق میں تبادلہ اور تعاون کے حوالے سے آن لائین معاہدہ طے پا گیا، چینی یونیورسٹی گندم کی اجناس، سبزیوں پر تحقیق اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے سکالرشپ فراہم کریگی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی اور چین کی نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی یانگلنگ کے اعلیٰ حکام نے دستاویز کا تبادلہ کیا ۔ آن لائن تقریب کے دوران سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام سے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری، ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈائریکٹر ایڈوانسڈ سٹڈیز ڈاکٹر عبدالمبین لودھی شریک ہوئے جبکہ نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی، یانگلنگ کی جانب سے یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر جون لو، ڈپٹی ڈائریکٹر، انٹرنیشنل کوآپریشن اینڈ ایکسچینج ڈیپارٹمنٹ یوفینگ زو، کالج آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی وائیس ڈین یوہوان وانگ، کالج آف لائف سائنسز کے وائس ڈین لنکیانگ لیو نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق دونوں جامعات میں باغبانی، سوائل سائنس، پودوں کی افزائش اور جینیات، زرعی اقتصادیات، اور جانوروں کے سٹیم سیل کے شعبوں پر تحقیق کے تبادلہ اور توجہ کو مرکوز کیا جائیگا اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے ایگرانومی، ہارٹیکلچر، سوائل سائنسز، اور اینیمل سائنسز کے شعبوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو نارتھ ویسٹ ایف اینڈ اے یونیورسٹی میں مکمل طور پر فنڈڈ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ریسرچز کے لیے منتخب کیا جائے گا، اور انہیں اسکالرشپ فراہم کی جائے گی جبکہ گندم کی بہتر اجناس پر تحقیق اور کسانوں کی فیلڈز منتخب کرکے اعلیٰ پیداواری ٹیکنالوجی کے ذریعے کاروباری تجزیہ کیا جائے گا۔