اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2024ء کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا

بدھ 10 جنوری 2024 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2024ئ کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے، پہلے مرحلے کے داخلے 15جنوری جبکہ دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ کو شروع ہوں گے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں سرٹیفکیٹ کورسز، میٹرک، ایف ا ے، آئی کام، بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیچرٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری(بی ای)، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور بی ایس(او ڈی ایل)پروگرامزپیش کئے جائیں گے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کیمپسز کے سربراہان کو طلبہ کی معاونت کے لئے فیسی لیٹیشن مراکز کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، داخلے کے خواہشمند جن طلبہ کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی وہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مفت سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

طلبہ کو معلومات کی فراہمی و معاونت کے لئے ملک بھر میں سوئفٹ سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر15۔جنوری سے آن لائن دستیاب ہونگے۔ سرٹیفکیٹ کورسز،میٹرک، ایف اے پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کیمپسز /رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے مطابق بی ایس/ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے آن لائن اپلائی کرنا لازمی ہے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ فارم مینول اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کیا جاسکے گا۔