ملک میں گیس کے نئے وسیع ذخائر دریافت

شمالی وزیرستان سے یومیہ 6 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جنوری 2024 12:55

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2024ء ) ملک میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جہاں سے یومیہ 6 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پیٹرولیم نے ایک علامیہ میں ملک میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا، قدرتی گیس کے نئے ذخائر شمالی وزیرستان سے دریافت ہوئے ہیں، جہاں سے ابتدائی طور پر یومیہ 6 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گیس کے حصول کے لیے کنویں کی کھدائی 2 جون 2023ء کو شروع کی گئی اور جب کنویں کی 4 ہزار 577 میٹر تک کھدائی کی گئی تو قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے، نئی دریافت سے ملک کے گیس کے ذخائر میں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبہ سندھ میں بھی تیل و گیس کے بھاری ذخائر دریافت کیے گئے ہیں، تیل و گیس کی تلاش میں او جی ڈی سی ایل کو اہم کامیابی ملی، ترجمان او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں ٹنڈو اللہ یار میں تیل و گیس کے بھاری ذخائر دریافت ہوئے ہیں، کنویں سے8.51 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس اور 360 بیرل یومیہ خام تیل دریافت ہوا، درس ویسٹ کنواں نمبر 2 کی 2 ہزار 081 میٹر کھدائی کی گئی تو ذڈائر ملے، اس نئی دریافت سے ملکی امپورٹ بل میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی، ساتھ ہی او جی ڈی سی ایل اور ملکی تیل وگیس کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر نگران وزیر توانائی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں گیس کے ذخائر آئندہ چند سالوں میں ختم ہو جائیں گے، رواں سال گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا، رواں سال سردیوں کے موسم میں گیس کی کمی کا بحران مزید شدت اختیار کرے گا، اس لیے گھریلو صارفین کو سردیوں کے دوران یومیہ 8 گھنٹے کیلئے گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کے باقاعدہ آغاز کے بعد جب گیس کی طلب میں اضافہ ہوا، تو بتایا جا رہا ہے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس بحران اندازوں سے بھی زیادہ سنگین ہو جانے کا خدشہ بڑھ گیا۔