جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "مذہبی رواداری اور قیام امن میں تعلیمی اداروں کا کردار" کے موضوع پر سیمینار

جمعرات 11 جنوری 2024 14:22

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ادارہ عربی و علوم اسلامیہ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ایک روزہ امن سیمینار بعنوان " مذہبی رواداری اور قیام امن میں تعلیمی اداروں کا کردار" کا انعقاد منعم الدین آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج نے تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

مہمان مقرر ڈاکٹر تنویر قاسم رانا نے مذہبی رواداری اور عدم برداشت کے رویوں کو فروغ دینے کے لئے جامعات اور اساتذہ کرام کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی تعلیمات کی روح کے مطابق عمل کرنے میں پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو طلبا کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کردار سازی کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کی اوائل عمری میں مناسب تربیت کر دی جائے تو اس کے اثرات ان کی پوری شخصیت اور پورے معاشرے پر ظاہر ہوتے ہیں۔ اختتام پر ادارہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈاکٹر عامر حیات نے سیمینار کے انعقاد پر وائس چانسلر، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور تمام شرکا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمینسڑیٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس، ڈائریکٹر اوورِک پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر شگفتہ فردوس اور دیگر شعبہ جات کے چئیرپرسنز، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :