متحدہ عرب امارات کے صدرکی گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت

جمعرات 11 جنوری 2024 16:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نےگجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کی ہے۔اردو نیوز کے مطابق گجرات گلوبل سمٹ میں دنیا کے مختلف ممالک کے قائدین، عہدیدار اور فیصلہ ساز شخصیات نے شرکت کی ، جس میں سرمایہ کار بھی مدعو تھے۔ اماراتی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گجرات گلوبل سمٹ اب سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے معلومات و تجربات کے تبادلے کا بین الاقوامی پلیٹ فارم بن گئی ہے۔

شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ کانفرنس ہمیں اپنے عوام کو خوشیاں دینے اور اپنے ممالک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے حوالے سے موضوعات پر تبادلہ خیال کا موقع دے رہی ہے۔اماراتی صدر نےخواہش کا اظہار کیا کہ کانفرنس کامیاب ہو اور سب کی ترقی، خوشحالی اور باہمی تعاون کے حوالے سے مفید نتائج کی حامل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ آج دنیا بھر کے رہنماوں اور عہدیداروں کے ساتھ بھارت میں وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کی۔

امارات اقتصادی ترقی کے فروغ کےلیے تعاون کے پلوں کی تعمیر، عالمی چیلنجزسے نمٹنے اور سب کے لیے استحکام اور خوشحالی میں مدد کےلیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں شیخ محمد بن زاید اور وزیر اعظم نریندرمودی کی موجودگی میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم اویوز) کا تبادلہ کیا گیاجس کا مقصددونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ان میں فوڈ کمپلیکس کی تعمیر، قابل تجدید توانائی، صحت کی جدید خدمات میں سرمایہ کاری میں تعاون، پائیدار، ماحول دوست اور موثر بندرگاہوں کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتیں شامل ہیں۔یاد رہے کہ امارات کے صدر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر احمد آباد کے دورے پر ہیں۔