شہباز شریف کی مجبوری دیکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑا، نجم سیٹھی کا دعوی

پی ڈی ایم حکومت میں طے ہوا تھا کہ ہر کوئی اپنی وزارت سے متعلق فیصلہ کرے گا ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اس وقت پیپلزپارٹی کے پاس تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 جنوری 2024 14:06

شہباز شریف کی مجبوری دیکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑا، نجم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جنوری 2024ء ) سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی مجبوری دیکھتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا عہدہ چھوڑا۔ نجی ٹی وی ’ہم نیوز‘ کے مطابق ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کرکٹ سے متعلق فیصلہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کرتی ہے، وزارت بین الصوبائی رابطہ پی ڈی ایم حکومت میں پیپلزپارٹی کے پاس تھی۔

پی ڈی ایم حکومت میں طے ہوا ہر کوئی اپنی وزارت سے متعلق فیصلہ کرے گا، وزارت بین الصوبائی رابطہ اس وقت پیپلزپارٹی کے پاس تھی۔ آصف زرداری نے شہبازشریف کو کہا کہ وہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کو مقرر کریں گے۔ شہبازشریف کی مجبوری دیکھتے ہوئے میں نے گزشتہ سال جون میں چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑ دیا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق وفاقی حکومت نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی دور کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے نجم سیٹھی کے دور کا آڈٹ کرانے کیلئے آڈیٹر جنرل پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8ویں ایڈیشن کا بھی فوری آڈٹ شروع کریں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ نجم سیٹھی دور میں ہونے والے اخراجات کا بھی مکمل آڈٹ ہونا چاہیے۔

خط کے متن میں نجم سیٹھی دور کی مدت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 22 دسمبر 2022ء سے 20 جون 2023ء تک کے دور کا آڈٹ کیا جائے۔ آڈٹ حکام نجم سیٹھی کے ساتھ ساتھ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں موجود ارکان کو ملنے والی مراعات کا بھی جاٸزہ لیں۔ خیال رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد وفاقی حکومت نے دسمبر 2022ء میں عارضی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔