ایران، سعودی عرب تجارتی تعلقات کی مضبوطی کیلئے کوشاں

سرمایہ کاروں کوایک دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پر بھی زور

بدھ 17 جنوری 2024 12:04

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2024ء) سعودی عرب میں ایران کے سفیر علی رضا عنایتی نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور تجارتی اور سرمایہ کاری کے تبادلے کی سطح کو بلند کرنے کے لیے اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایران سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے جانا چاہتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی سفیرنے ریاض میں فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے صدر حسن الحویزی سے ملاقات کی۔

اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو دوبارہ ٹریک کرنے اور وفود کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان ان کی غیر ملکی تجارت کی وسعت کے باوجود کوئی تجارتی تبادلہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

2022 میں سعودی تجارتی تبادلے کا حجم تقریبا 601.1 بلین ڈالر تک پہنچ گیا، جب کہ ایران کی غیر ملکی تجارت کا حجم 132.6 بلین ڈالرتک پہنچ گیا۔

ملاقات میں مثبت ماحول میں سرمایہ کاری کرنے، طے شدہ معاہدوں کو فعال کرنے، اقتصادی تعاون میں ایک نیا باب کھولنے اور دستیاب مواقع اور دونوں ممالک کی غیر ملکی تجارت کے حجم کے تناسب سے تجارتی تبادلے کی سطح کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دونوں فریقوں نے تجارتی وفود کے دوبارہ تبادلے، تجارتی تبادلے کو تحریک دینے، ہدف بنائے گئے شعبوں میں انضمام کے حصول اور کاروباری شعبوں کے درمیان کامیاب شراکت داری قائم کرنے اور سعودی اور ایرانی سرمایہ کاروں کوایک دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔