ممتاز شاعر جمیل الدین عالی کا یوم پیدائش ہفتہ کو منایا گیا

ہفتہ 20 جنوری 2024 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2024ء) معروف شاعر، نغمہ نگار، کالم نگار اور "جیوئے جیوئے پاکستان" جیسے ملی نغموں کے خالق نوابزادہ مرزا جمیل الدین احمد خان المعروف جمیل الدین عالی کا یوم پیدائش ہفتہ کو منایا گیا۔جمیل الدین عالی پیشے کے لحاظ سے ایک بینکر تھے اور اپنی ادبی سرگرمیوں کی وجہ سے 1962 سے 2012 تک 50 سال تک انجمن ترقی اردو پاکستان سے وابستہ رہے۔

(جاری ہے)

انکی اردو کے فروغ اور ملک میں اردو یونیورسٹی کے قیام میں خدمات کو سراہا جاتا ہے اور بابائے اردو (مولانا عبدالحق) کے خواب اور مشن کو آگے بڑھانے میں بھی انکے کردار کو بہت سے لوگوں نے تسلیم کیا ہے۔اردو ادب کی طویل ترین نظموں میں سے ایک "انسان" 4000 اشعار پر مشتمل ہے اور اس کا سہرا جمیل الدین عالی کو جاتا ہے ، اس کے علاوہ انہوں نے اردو شاعری میں متعدد نظموں اور غزلوں کے ذریعے اپنا حصہ ڈالا ۔جمیل الدین عالی 20 جنوری 1925 کو دہلی میں پیدا ہوئے اور 23 نومبر 2015 کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے ، انہیں کراچی میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔