سندھ کے مسائل کا حل نواز شریف ہیں، نہال ہاشمی

صوبائی حلقہ 88سے امیدوار زبیر خان راجہ خیل ، فیروز خان کے حق میں دستبردار ہو گئے

ہفتہ 20 جنوری 2024 20:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2024ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور بلخصوص سندھ کے مسائل کا حل نواز شریف ہیں۔ کراچی کی ترقی اور خوشحالی میں مسلم لیگ (ن) کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ لانڈھی داؤد چورنگی پر واقع مسلم لیگ رہنماء حاجی ظفر خان راجہ خیل شہید کی بیٹھک پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے این اے 231سے نامزد امید وار کیپٹن جمیل خان اور پی ایس 88سے نامزد امیدوار فیروز خان موجود تھے۔ اس موقع پر حاجی ظفر خان راجہ خیل شہید کے فرزند پی ایس 88سے امیدوار زبیر خان راجہ خیل نے اپنے بڑی تعداد میں حامیوں کی موجودگی میں پی ایس 88سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار فیروز خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد حاجی ظفر خان راجہ خیل شہید جو مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینیئر نائب صدر تھے اور آخری سانس تک مسلم لیگ (ن) کے لئے سرگرم رہے میں اپنے والد کی (ن) لیگ کے لیے خدمات اور قائد نواز شریف کی ہدایت کو نظر انداز نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

اس لیے میری اور میرے خاندان کی تمام سیاسی خدمات مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھیں ، ساتھ ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رہیں گی۔ انشاء اللہ 8فروری کے الیکشن میں کامیابی مسلم لیگ (ن) کا مقدر ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نہال ہاشمی نے حاجی ظفر خان راجہ خیل شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 15سالہ حکمرانی میں سندھ کو تباہ و برباد کر دیا۔ شہر قائد مسائل کا گڑھ بن گیا ۔ لیکن اب سندھ کی عوام فیصلہ کر چکی ہے کہ ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔ عوامی اجتماع سے مسلم لیگی امیدوار این اے 231کیپٹن جمیل خان اور امیدوار پی ایس 88فیروز خان نے زبیر خان راجہ خیل کی مسلم لیگ (ن) کے لیے خدمات کو سراہا اور ملکر عوامی مسائل حل کرنے کا عزم کیا۔