دہشتگردوں، شرپسندوں کی سرکوبی: پنجاب پولیس کو نئی ایپی سی وہیکلز سے لیس کردیا گیا

ہفتہ 20 جنوری 2024 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2024ء) پنجاب پولیس دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پرعزم ہے۔ جس کیلئے انہیں جدید آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق پنجاب پولیس کو نئی اے پی سی وہیکلز سے لیس کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق نئی اے پی سی وہیکلز سے کچے کا علاقہ، دشوار گزار و دلدلی دریائی علاقوں میں ڈاکووں، ملک دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں میں بے حدمدد ملے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس کے کمانڈوز نے نئی ملنے والی اے پی سی گاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کچے کے 6 ہزار کلومیٹر سے زائد علاقے کو ڈاکووں اور دہشتگردوں سے پاک کیا جاچکا ہے۔ کچے کے علاقے کو حکومت پنجاب اور عسکری اداروں کے تعاون سے امن کا گہوارا بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید اے پی سی وہیکلز کی فراہمی ممکن بنانے پر حکومت پنجاب اور پاک آرمی کے شکر گزار ہیں۔ پنجاب پولیس موسم کی شدت، سیلاب اور نامساعد حالات کے باوجود کچے کے علاقے میں ثابت قدم ہے۔ شہادت کے جذبے سے سرشار ہمارے بہادر پولیس جوان ملک و قوم کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔