عام انتخابات 2024،اے این پی کی جانب سے انتخابی مہم کا سلسلہ بھر پورطریقے سے جاری

پیر 22 جنوری 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا سلسلہ بھر پورطریقے سے جاری ہے، پارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں ورکرز کنونشن جاری ہیں جبکہ کارنر میٹنگ بھی منعقد ہو رہے ہیں۔ پیر‏ کوپشاور کے علاقے ویلج کونسل ڈب میں ملک جوہر علی کی رہائشگاہ پر عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی جلسہ ہوا ،جلسہ میں کثیر تعداد میں پارٹی ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔

جلسہ سے نامزد امیدوار پی کے 74 ارباب اللہ یار خان، ارباب یوسف حیات اور دیگر نے خطاب کیا۔ شرکا نے اے این پی کی بھرپور کامیابی کے عزم کا اظہار کیا، مردان کے علاقے محب بانڈہ میں انتخابی جلسہ اور شمولیتی تقریب میں سعید اللہ نے خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و نامزد امیدوار این اے 22، پی کے 58 مردان امیر حیدر خان ہوتی، امیدوار پی کے 56 عبدالعزیز خان اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

انتخابی مہم کے حوالے سے مردان کے علاقے چک ہوتی کاظم کلی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ ہوئی جس میں مرکزی سینئر نائب صدر و نامزد امیدوار این اے 22، پی کے 58 امیرحیدرخان ہوتی اور دیگر ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔ اسی طرح صوابی میں قومی وطن پارٹی کے ضلعی چیئرمین (امیدوار این اے 19 و پی کے 50) مسعود جبار خان پر عوامی نیشنل پارٹی کے ذمہ داران کا جرگہ ہوا،جرگہ قبول کرتے ہوئے مسعود جبار خان نے انتخابات سے دستبردار اور اے این پی امیدواران کی حمایت کا اعلان کیا۔

‏ مردان کے علاقے چک ہوتی اللہ داد خیل 1 میں عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی جلسہ ہوا۔جلسہ سے مرکزی سینئر نائب صدر و نامزد امیدوار این اے 22، پی کے 58 امیرحیدرخان ہوتی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین اشفاق نے خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی شمولیت بھی اختیار کی۔ جلسے میں کثیر تعداد میں پارٹی کے دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔