پاکستان میں پپیتے کا زیر کاشت رقبہ 1565ہیکٹرز اور پیداوار8972ٹن سے بھی تجاوز کر گئی

بدھ 24 جنوری 2024 14:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) پاکستان میں پپیتے کا زیر کاشت رقبہ 1565ہیکٹرز اور پیداوار8972ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں اور سندھ کے اضلاع نواب شاہ، سانگھڑ، سکھر، ٹھٹھہ، بدین کو پپیتے کی کاشت کیلئے آئیڈیل قرار دیاگیا ہے اور بتایاگیاہے کہ پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں میں پپیتے کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہونے لگاہے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ پاکستان کے علاوہ سری لنکا، ہوائی، تھائی لینڈ اور بھارت میں بھی وسیع رقبے پر پپیتے کی کاشت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پپیتا اپنی مخصوص غذائی افادیت و شاندار طبی خصوصیات کی وجہ سے ایک منفرد پھل کی حیثیت رکھتاہے جو نہ صرف پھل کے طورپر کھانے بلکہ کچے پھل کے سبزی کے طور پر پکانے، جیم، جیلی، اچار،مربہ اور کینڈی بنانے کیلئے بھی اس کا استعمال کیاجاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پپیتے میں پیکٹین اور پیپین بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں لہٰذا اس کارس دوسرے پھلوں کے رس کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے ہاضمہ درست، معدہ و جگر تندرست، پیشاب صاف، بلغم دور اور نیند نہ آنے کی شکایت بھی رفع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کی جڑیں بواسیر کی بیماری کے تدارک کیلئے انتہائی مفید ہیں جبکہ پیپین جسم کے داغ دھبوں کو صاف کرنے میں بھی معاون ہے۔ انہوں نے کہاکہ پپیتے کی کاشت پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز زمین میں کی جا تی ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان و کاشتکار پپیتے کی کاشت کے ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔