چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن کی اسلام آباد کی زیر تعمیر ماڈل جیل کے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 24 جنوری 2024 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2024ء) چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد کی زیر تعمیر ماڈل جیل کے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر)مظفر علی رانجھا کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہوا۔

چیئرمین معائنہ کمیشن نے ماڈل جیل اسلام آباد منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کا نوٹس لیا اور متعلقہ محکموں کو اس کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس 20دسمبر 2023اور 2جنوری 2024میں ہونے والے اجلاسوں کا تسلسل تھا جس میں معائنہ کمیشن ممبر انجینئر عامر حسن ، وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، پاک پی ڈبلیو ڈی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سی ڈی اے کے افسران ، آر ڈی اے، آر سی بی اور محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے حکام موجود تھے۔

چیئرمین نے اے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ڈاکٹر قدیر عالم کو ہدایت کی کہ وہ 23جنوری 2024کو سائٹ کے دورے سے متعلق اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں چیئرمین نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیا جس کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔