صنم جاوید نے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید نے سپریم کورٹ میں کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 25 جنوری 2024 12:27

صنم جاوید نے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔25 جنوری 2024ء) 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید نے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ صنم جاوید نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کر دیں۔ صنم جاوید کے این اے 119، این اے 120 اور پی پی 150 سے کاغذات مسترد ہوئے تھے، اپیلوں میں ٹریبونلز کے فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

صنم جاوید نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 119 اور 120اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 150 سیکاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیئے، جس پر صنم جاوید نے لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے روبرو چیلنج کیا، تاہم اپیلٹ ٹربیونل نے صنم جاوید کی اپیل خارج کر دی اورکاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا تھا، جس کے بعد صنم جاوید نے اپیلٹ ٹربیونل اور آر او کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تو عدالت نے فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاویدکے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کیا ہے، جس میں عدالت نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست خارج کی، اس حوالے سے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ معلوم ہوا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق صنم جاوید کے وکلا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ میں آرڈر کی مصدقہ کاپی جاری کرنے کی درخواست دے دی۔