ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، انتخاباتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 26 جنوری 2024 21:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر سکھر فیاض حسین مہیسر کی زیر صدارت عام انتخابات کی تیاریوں کے جائزہ کے حوالےسے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر عامر انصاری، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سکھر امین بشیر قریشی، ایس ایس پی سکھر زبیر نصیر، ڈی ای اوز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، ٹریژری، پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی آر او سکھر فیاض حسین مہیسر نے پولنگ سٹیشنز میں کام نامکمل ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تعلقہ کے آر اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکھر میں قائم تمام پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر کے جائزہ لیں اور پولنگ سٹیشنز میں موجود سہولیات کو چیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ سٹیشنز میں سی سی ٹی وی، واش رومز، کلر، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات کے بارے میں رپورٹ فراہم کی جائے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ریٹرننگ افسران سے کہا کہ وہ تمام پریذائیڈنگ افسران کو پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرنے اور وہاں تمام سہولیات کی دستیابی کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت کریں۔ اس موقع پر آر او نے اجلاس کو بتایا کہ مختلف محکموں کی جانب سے ملازمین کی آئوٹ ڈیٹیڈ لسٹ فراہم کر دی گئی ہے ، تمام فوکل پرسنز متعلقہ ملازمین کے ڈیوٹی سمیت تمام مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے آج ہی آر اوز سے بات چیت کریں، جبکہ کام نہ کرنے والے ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر ایس ایس پی سکھر زبیر نصیر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عام انتخابات 2024 ء کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان پر کام مکمل کر لیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن والے دن ڈی آر او، آر اوز اور باہر سے آنے والے مہمانوں کو بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے۔